ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امریکی صدارتی انتخاب: ٹرمپ نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے ہیں، میرا مقصد عوام کی خدمت ہے، کملا ہیرس

امریکی صدارتی انتخاب: ٹرمپ نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے ہیں، میرا مقصد عوام کی خدمت ہے، کملا ہیرس

Sat, 02 Nov 2024 17:21:53  SO Admin   S.O. News Service

لاس ویگاس ، 2/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)امریکہ میں صدارتی انتخاب کی تاریخ قریب آتے ہی انتخابی مہم میں شدت آگئی ہے، اور دونوں پارٹیوں کے امیدوار ایک دوسرے پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس نے اپنے ریپبلکن حریف ڈونالڈ ٹرمپ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا رویہ انتہا پسندی اور اقتدار کی ہوس کا عکاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ جنونیت اور ذاتی مفادات کے لیے کام کرتے ہیں، جو عوامی فلاح کے بجائے تقسیم کو بڑھاوا دیتے ہیں۔

لاس ویگاس میں جمعہ کو ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کملا ہیرس نے کہا کہ ٹرمپ کا تعلق صرف 'نفرت' اور 'تقسیم' سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ (ٹرمپ) وہائٹ ہاؤس میں 'دشمنوں کی فہرست' لے کر آئیں گے جبکہ میں ترجیحی بنیاد پر کیے جانے والے آپ کے کاموں کی فہرست لے کر آؤں گی۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ ڈونالڈ ٹرمپ کون ہیں، وہ ایسے انسان نہیں ہیں جو آپ کی زندگی کو بہتر بنانے کے بارے میں سوچتے ہیں، وہ بالکل جنونی، بدلے کا جذبہ رکھنے والے اور کسی بھی طرح اقتدار کے لیے بیتاب ہیں۔

کملا ہیرس نے واضح طور پر کہا کہ میری فہرست میں سب سے اوپر کاسٹ آف لیونگ کو کم کرنا ہے۔ صدر کے طور پر ہر دن میری توجہ اسی پر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو اپنی پارٹی کے اوپر رکھیں گی اور سبھی امریکیوں کے لیے صدر کے طور پر کام کریں گی۔

امریکی نائب صدر نے خود کو ڈونالڈ ٹرمپ کے بالکل برعکس بتاتے ہوئے کہا "میں نہیں مانتی کہ جو لوگ مجھ سے عدم اتفاق رکھتے ہیں وہ میرے دشمن ہیں۔ وہ (ٹرمپ) انہیں جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں جبکہ میں انہیں بات چیت کا موقع دینا چاہتی ہوں، حقیقی قیادت یہی ہے۔"

اس موقع پر معروف امریکی گلوکارہ جینیفر لوپیز بھی ڈیموکریٹک رہنما کے ساتھ ریلی میں شامل ہوئیں۔ انہوں نے ووٹروں سے ہیرس کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔ واضح ہو کہ امریکی صدارتی انتخاب 5 نومبر کو ہونے والے ہیں۔


Share: